لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے ساتھ اچھے روابط، برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی اور مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دیکر معاشی اہداف کے حصول اور ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کسٹمز اکیڈمی کے نئے بھرتی ہونے والے اپریزرز، انسپکٹرز اور انٹیلی جنس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفد کے کوآرڈینیٹر محسن علی طاہر اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق ممبر حاجی محمد آصف سحر نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے شرکاءکے مختلف سوالات کے تفصیلی جواب دئیے اور ملک کی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ پالیسی ایڈووکیسی، برآمدات کا فروغ اور حکومت اور تاجر برادری کے درمیان بامعنی شراکت داری لاہور چیمبر کی اولین ترجیحات ہیں کیونکہ یہ معاشی ترقی کا صحیح راستہ ہیں۔ لاہور چیمبر کی بجٹ تجاویز، مائیکرو، میکرو اکنامک ایشوز پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے محکموں کے ساتھ روابط، ممبران کیلئے سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسیں، تجارتی میلے اور نمائشیں حکومت کی ملک کی معاشی بحالی کی کوششوں میں معاونت کر رہی ہیں۔ ملک کو درپیش بڑے معاشی مسائل کا واحد حل برآمدات کا فروغ ہے۔ علاقائی ممالک، وسطی ایشیائی ریاستوں، مشرق وسطیٰ کی ریاستوں اور افریقی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے قومی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کاشف نے علاقائی تجارت، مصنوعات کی بہترین مارکیٹنگ کی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چند اشیاءاور ممالک پر برآمدات کا انحصار کم کرنے کیلئے نئی منڈیوں اور نئی مصنوعات کی تلاش کی جانی چاہیے۔کاشف انور نے شرکاءکو بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے رواں سال کو بزنس کمپلائنس اینڈ فیسیلیٹیشن سال قرار دیا ہے۔ بیرون ملک پاکستانی تجارتی مشن کو دوسرے ممالک میں پاکستانی تاجروں اور ان کے ہم منصبوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کیونکہ اس سے نہ صرف تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی بھی آئے گی۔انہوں نے پاکستان کسٹمز اکیڈمی کے نئے بھرتی ہونے والے اپریزرز/انسپکٹرز اور انٹیلی جنس افسران پر زور دیا کہ وہ ملک میں کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ملک کو درپیش بڑے معاشی مسائل کا واحد حل برآمدات کا فروغ ہے:لاہور چیمبر
Apr 29, 2023