لاہور(کامرس رپورٹر )کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ تیسری 3 روزہ پاک کرغزستان سرمایہ کاری کانفرنس آئندہ ماہ لاہور میں منعقد ہو گی اور یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔ اتوار کو یہاں کرغزستان ٹریڈ ہائوس میں کانفرنس کے کامیاب انعقاد کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کی مظہر ہے۔ میزبان شہر لاہور ایک متحرک اقتصادی و ثقافتی مرکز ہے اور بہترین کاروباری ماحول کی وجہ سے بزنس کمیونٹی، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کے درمیان دیرپا روابط کے قیام کے مثالی پس منظر کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے کانفرنس کے دن قریب آرہے ہیں نئے آئیڈیاز اور ایکشن پلان کے حوالے سے جوش و خروش بڑھ رہا ہے۔ کانفرنس سے نہ صرف دو طرفہ اقتصادی تعلقات مستحکم ہوں گے بلکہ خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ دونوں ممالک مشترکہ کوششوں اور وڑن کے ذریعے نئے مواقع اور خوشحال مستقبل کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
پاک کرغزستان سرمایہ کاری کانفرنس آئندہ ماہ لاہور میں ہوگی:مہر کاشف یونس
Apr 29, 2024