ملوں کے پاس 15 لاکھ ٹن اضافی چینی موجود ہے :شوگر ملز ایسوسی ایشن 

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان شوگر ملز ایسوایشن (پنجاب زون)کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کو چینی کی برآمد کے حوالے سے جلد از جلد کوئی فیصلہ لینا چاہیئے اور ایک موثر اور مستقل پالیسی بنانی چاہیئے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بارہا میٹنگز میں یہ بات اْن کے علم میں لائی گئی ہے کہ شوگر ملوں کے پاس اس وقت 15 لاکھ ٹن اضافی چینی کا اسٹاک موجود ہے جسے برآمد کر کے ملک کیلئے زرِمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ جب سے حکومت کے ساتھ میٹنگز چل رہی ہیں اگر تب اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی جاتی تو تب انٹرنیشنل مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں 700 ڈالر فی ٹن سے اوپرتھیں جو کہ اتنا وقت گزرنے کے بعد 553 ڈالر فی ٹن تک گر چکی ہیں جس سے ملک کیلئیزیادہ  زرمبادلہ حاصل کرنے کے  مواقع کم ہو رہے ہیں۔انٹرنیشنل مارکیٹ مسلسل نیچے آرہی ہے اور مزید تاخیر سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔شوگر انڈسٹری اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے اور حکومت کو اس حوالے سے جلد کوئی لائحہ عمل بنانا چاہیئے۔ حالیہ کرشنگ سیزن میں گنے کی اچھی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن