لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت "صحت کی دستک ان کی دہلیز پر" پروگرام عوام کیلئے بہت جلد شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت الٹراساؤنڈ ٹیسٹ سمیت ہیپاٹائٹس، شوگر اور دیگر امراض کی ادویات کی سہولت بھی مریضوں کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی۔ انسولین اور دیگر ادویات کی فراہمی کا میکانزم وضع کرلیا گیا ہے۔ ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ساتھ انسولین سمیت شوگر کی ادویات کی دستیابی کے حوالہ سے اہم اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شوگر، ہیپاٹائٹس کی ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شوگر کے مریضوں کے لئے انسولین کی تیاری، مارکیٹ میں میں دستیابی کے امور بھی زیر بحث آئے۔