ریاض( نوائے وقت رپورٹ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا کا کہنا ہے پہلی سہہ ماہی میں چین کی کارکردگی توقعات سے بڑھ کر اچھی رہی جبکہ پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کا ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اس میٹنگ کے دوران آئی ایم ایف کے دو پیغامات ہیں۔کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا پچھلے چند سالوں کی مشکلات کے باوجود ترقی اور معیشت بہتر ہے، ہم نے ترقی کے تخمینوں کو اس سال کیلئے بہتر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈوانس معیشتوں میں امریکا کی کارکردگی اچھی ہے، انڈونیشیا، ملائیشیا، انڈیا جیسی ابھرتی مارکیٹس کی کارکردگی بھی اچھی ہے۔ان کا کہنا تھا چین کی کارکردگی پہلی سہ ماہی میں توقعات سے کچھ بڑھ کر اچھی رہی، بعض ممالک جیسے کہ پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے، مصر اب بہتر ہے لیکن اسے بھی مشکلات ہیں۔ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کم آمدنی والے ممالک کی معاشی حالت خراب ہو رہی ہے، کرونا کی وبا کے باعث دنیا کو 3.3 ٹریلین ڈالر کا نقصان پہنچا، کرونا کے باعث معاشی نقصان سے کم آمدنی والے ممالک زیادہ متاثر ہوئے۔کرسٹا لینا جارجیوا کا کہنا تھا ہمارے لیے اس وقت تین ترجیحات ہیں، اول ترجیح یہ ہے جن ملکوں میں مہنگائی بہت زیادہ ہے اسے ٹارگٹ تک لایا جائے، کسی حدتک مہنگائی میں کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم کام باقی ہے۔
پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا، کم آمدن والے ممالک کی معاشی حالت خراب ہو رہی: آئی ایم ایف
Apr 29, 2024