ریلوے پولیس کا   تجاوزات کیخلاف آپریشن، قابضین کی فائرنگ،  دو کانسٹیبل شہید

Apr 29, 2024

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)ریلوے پولیس پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ایکشن کے دوران سابقہ قابضین کی جانب سے یکطرفہ فائرنگ، ریلوے پولیس کے دو کانسٹیبل شہید۔پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ریلوے انتظامیہ کو اطلاع ملی مردان ریلوے سٹیشن کے قریب واقع زمان سنز ریلوے گودام کو عدالتی احکامات کے برخلاف ڈی سیل کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر فوری طور پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم تشکیل دی گئی جو صبح نو بجے مذکورہ گودام کے پاس پہنچی تو ٹیم پر قابضین کی جانب سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد وقاص اور کانسٹیبل عمر خان شہید ہو گئے۔ریلوے ٹیم نے انتہائی بہادری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں منصف اور جمشید کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ ریلوے پولیس کی مدعیت میں حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ آئی جی ریلویز نے افسوس ناک واقعے پر کہا ہے شہید کانسٹیبلز ہمارا فخر ہیں، ان کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور قانون کے مطابق ان کی پوری معاونت کی جائے گی۔

مزیدخبریں