دہشت گردی کے خلاف تعاون، پاکستان، ایران نے لائزون افسروں کی تقرری کر دی 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایران کے صدر ابرہیم رئیسی کے بعد پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایران نے دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج کے خلاف ہاتھ ملا لیے۔ پاک ایران باہمی سکیورٹی معاہدے پر کام جاری ہے اور لائزون افسروں کی تقرری پرعملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ سفارتی ذرائع نے بتایاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ تعاون بہتر بنایا جا رہا ہے۔ دونوں ملکوں نے سرحد پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے پاک ایران سرحد پر انسداد دہشت گردی کیلئے اپنے لائزون افسروں کی تقرری کر دی۔ رواں ہفتے یہ افسر چارج سنبھالیں گے، پاکستانی لائزون افسر پاک فوج، ایرانی لائزون افسر پاسدران انقلاب سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں افسران اپنی اپنی فوج میں کرنل رینک کے ہیں۔ پاک فوج کے لائزون افسر زاہدان ایران میں تعینات ہوں گے۔ ایرانی آئی آر جی سی کے لائزون افسر تربت بلوچستان میں تعینات ہوں گے۔ سفارتی ذرائع نے بتایاکہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کے فروغ کیلئے دونوں ممالک سکیورٹی معاہدے پر دستخط کریں گے اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کام کر رہی ہیں۔ محسن نقوی کا دورہ ایران متوقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن