حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ایم این اے کے والد محترم اور قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور سابق ایم این اے میاں افضل حسین تارڑ 95برس کی عمر میںدل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ مرحوم ن لیگ کے ٹکٹ پر دو بار ایم این اے منتخب ہوئے اور گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ کونسل کے علاقہ ڈسٹرکٹ کونسل حافظ آباد کے چیئرمین بھی رہے۔ ان کا شمار بااصول سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ نوے کی دہائی میں میاں محمد نواز شریف کے دورہ حافظ آباد پر ان پر قاتلانہ حملہ کے دوران افضل حسین تارڑ دفاعی حصار بن گئے تھے۔ جس کے بعد قائد ن لیگ ان کا بے حد احترام کرتے تھے۔ میاں افضل حسین کی وفات پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مرحوم کی بیٹی سائرہ افضل تارڑ اور ان کے دیگر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افضل حسین تارڑ کی وفات ہم سب کے لئے بڑا صدمہ ہے۔ وہ موسموںکی تبدیلی کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتے تھے۔ افضل تارڑ قائد نواز شریف کے قریبی با اعتماد اور وفا شعار ساتھی تھے۔ ان کی ملک، قوم، پارٹی اور علاقے کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دوسری جانب میاں افضل حسین تارڑ کی نماز جنازہ ان کے آبائی قصبہ کولو تارڑ میں ادا کی گئی جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ، سینئر بیورکریٹ بابر حیات تارڑ، صوبائی سیکرٹری انفارمیشن احمد عزیزکے علاوہ وزراء، ارکان اسمبلی، بیوروکریٹس اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں انہیںآہوں اور سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ قائد مسلم لیگ نواز شریف نے دیرینہ ساتھی افضل حسین تارڑ کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ افضل تارڑ ایک نفیس انسان، ذہین سیاستدان اور با اعتماد بھائی تھے۔ پارٹی اور ملک و قوم کے لئے افضل تارڑ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی کمی الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتی۔ افضل تارڑ گھر کے فرد کی طرح تھے، ہمیشہ وفا نبھائی۔ افضل تارڑ نے بہادری اور استقامت سے مشکل ترین وقت کا سامنا کیا۔ نوازشریف نے سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہلخانہ سے افضل کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ قائد مسلم لیگ نواز شریف کی مرحوم کے لئے مغرفت اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ نیز وزیر مریم اورنگزیب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا افضل تارڑ کی کمی پوری نہیں ہو سکے گی۔
افضل تارڑ انتقال کر گئے، بااعتماد بھائی تھے، کمی الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتی: نواز شریف
Apr 29, 2024