اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈکشنری میں 'نہیں ہو سکتا' کا لفظ نہیں۔ مریم نواز کے خلاف ایسی زبان سے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی تربیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ نیشنل پریس کلب میں 'میٹ دی پریس' سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کے پی کے کو ایسے وزیرِ اعلیٰ ملے جن کا حلیہ غنڈوں جیسا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے کو گفتگو کرنے کا طریقہ بھی نہیںآتا۔ انہوں نے حال ہی میں گھٹیا گفتگو کی۔ اْنہوں نے کہا کہ مریم نواز کیا پہن رہی ہیں، اس پر تنقید کی گئی، ان کی زبان درازی میں تبدیلی نہیں آ رہی، ان کی تبدیلی گندے کلچر کے ساتھ چل رہی ہے، یہ نہیں چلے گا، ہم ملک کی معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیاست کا آغاز کرنے کے بعد میں میڈیا میں آ گئی تھی، میں اپنی فیملی کو اتنا ٹائم نہیں دے پاتی جتنا کیمروں کو دیتی ہوں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ میری قیادت کا اعتماد ہے کہ اتنی بڑی ذمے داری مجھے دی ہے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ میڈیا کو جتنی سہولتیں دے سکیں وہ دیں میں کبھی کسی کو کوئی خبر روکنے کا نہیں کہوں گی۔ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ (ن) لیگ کے سوا تمام حکومتوں نے میڈیا سے متعلق پروجیکٹس بند کیے۔ ہماری جماعت اور حکومت میڈیا فرینڈلی ہے، میڈیا ٹائون فیز 2 پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ صحافیوں کے لیے نیا ہاؤسنگ فیز لا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس جون تک پنجاب میں کام شروع کر دے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک دن میں چھ آٹھ میٹنگز ہوتی ہیں اور وہ 18، 18 گھنٹے کام کرتی ہیں، اس وقت ملک میں مختلف گورنمنٹس ہیں جس سے مسابقت پیدا ہوتی ہے۔ پورے پاکستان میں صرف پنجاب کی حکومت آپ کو کام کرتی نظر آئے گی۔ مریم نواز حکومت کا کوئی پروجیکٹ فائل میں نہیں، سب پر کام ہو رہا ہے۔ کارڈیک ہسپتال پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، دستک پروگرام کے تحت حکومت دستاویزات کی فراہمی کی تمام سہولتیں گھر پر فراہم کرے گی۔ وائی فائی کو بحال کرنے کا وزیرِ اعلیٰ نے حکم دے دیا ہے۔ مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں ہو رہا تو بدتمیزی شروع کر دی گئی۔ سرگودھا میں دل کے امراض کے ہسپتال پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ نواز شریف آئی ٹی پارک شروع کرنے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی والوں کے پاس مقابلہ کرنے کو کچھ نہیں ہے، میں چیلنج کر رہی ہوں، ایک پروجیکٹ بتائیں جو پنجاب جیسا ہو، یہ تبدیلی لانے آئے تھے ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔