لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا شعیب الرحمٰن قاسمی، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی، مولانا مفتی سید عاشق حسین شاہ، مولانا عبد الستار نیازی، پروفیسر عدنان فیصل، علامہ فیاض احمد سلفی، میاں محمد اصغر، مولانا محمد عبداﷲ مدنی، مولانا حافظ ذوالقرنین محمدی اور پیر سید ولی اللّٰہ شاہ بخاری نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کے لئے آواز بلند کرنے والے انسانی حقوق کے ہیرو، مخالفت کرنے والے انسانیت، امن و امان اور سلامتی کے دشمن ہیں۔ وہ جامعہ عمر بن عبد العزیز گلبرگ لاہور میں مختلف مکاتبِ فکر کے معروف اور نمائندہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان علماء نے کہا ہے کہ ہم جرمن سفیر کے سامنے آزادیِ فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے والے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کے پچیس کروڑ غیور عوام اور دنیا کے اربوں مسلمانوں کے جزبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے اور ان کو کانفرنس سے نکالنے والے نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں نے انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت کردار ادا کر کے پوری قوم کے سامنے اپنی اصلیت اور حقیقت ظاہر کر دی ہے۔ ہم حیران ہیں کہ یہ لوگ کس منہ سے انسانی حقوق کے چیمپین بننے کی بات کرتے ہیں۔ ہر مسلمان حکمران اور عام آدمی کا دینی، ایمانی، انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کے لئے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں وہ اپنا کردار پوری جرت اور جذبہ ایمانی سے ادا کرے۔
فلسطین کیلئے آواز اٹھانے والے ہیرو‘ مخالف انسانیت کے دشمن: زبیر احمد ظہیر
Apr 29, 2024