راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)حضور نبی کریم ؐ کے ارفع و اعلی میلاد پاک کے سلسلہ میں نئی آبادی سندر اڈہ لاہورکے مقام پر ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شمعِ رسالت ؐ کے پروانوں نے شرکت کی۔ عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہمیں چاہئے کہ ربِ رحمن کے حکم کو مانتے ہوئے تمام نفرتیں اور کدورتیں مٹا کر ایک ہو جائیں اسی میں امتِ مسلمہ اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی اور بقا ہے۔ ہماری ذات کسی صورت بھی بد اخلاقی، دوسروں کی عزت پامال کرنے، کسی کی کردار کشی کرنے اور مایوسی اور نا امیدی پھیلانے کا ذریعہ نہ بنیں کیونکہ وطنِ عزیز پاکستان کسی قسم کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا اور ہمیں اپنے مثبت کردار سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔امت اور وطنِ عزیز پاکستان آج بھی اپنا رخ ہر طرف سے پھیر کر اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب کر لے تو دین و دنیا کی یقینی کامیابی اس کا مقدر بن جائے گی۔عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درودو سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔