ایوان صنعت و تجارت میں معیشت اور مستقبل کے چیلنجز کے حوالے سے تھنک ٹینک سیشن

Apr 29, 2024

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی میں پاکستان کی معیشت اور مستقبل کے چیلنجز کے حوالے سے تھنک ٹینک سیشن کا اہتمام کیا گیا، صدر آر سی سی آئی ثاقب رفیق نے استقبالیہ کلمات میں تھنک ٹینک کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، تھنک ٹینک کا مقصد معاشی چیلنجز کا نہ صرف جائزہ لینا بلکہ مسائل کا حل بھی پیش کرنا ہے، چیئرمین تھینک ٹینک اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے، پالیسی اصلاحات اور پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات اور پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا، ڈائریکٹر جنرل NIPSڈاکٹر اشفاق حسن خان نے اقتصادیات پر تھنک ٹینک قائم کرنے پر راولپنڈی چیمبر کے اقدام کو سراہا اور پالیسی اصلاحات کے لیے سفارشات اور ان پٹ کے لیے اپنے تعاون اور معاونت کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر اشفاق حسن نے موجودہ معاشی چیلنجز، تاریخی اعداد و شمار کے تجزیے اور معاشی رکاوٹوں سے نکلنے کے راستے کے بارے میں بھی تفصیلی پریزنٹیشن دی۔وائس چیئرمین راجہ عامر اقبال نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ اور قرض کی ادائیگیوں پر تاریخی پس منظر اور ڈیٹا کاتقابلی جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر سوال و جواب کاایک تفصیلی سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے مہنگائی، شرح سود، پیداواری لاگت، مسابقت، ایمنسٹی سکیم، آئی ایم ایف کے قرضے، انڈسٹرئیلائزیشن اور قرضوں کی ادائیگیوں سمیت مختلف عوامل پر سوالات کئے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، ٹیکس بار ایسوسی ایشن  کے نمائندوں ، ویمن  ممبرز اور چیمبر ممبرز کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

مزیدخبریں