چکوال نیلا دلہہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے موزوں ترین مقام ہے،احسن بختاوری

اسلام آباد(اپنے سٹا ف رپو رٹر سے )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، چکوال چیمبر کی  خطے میں صنعتی زون کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چکوال نیلا دلہہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے موزوں ترین مقام ہے کیونکہ یہ موٹر وے پر واقع ہے اور راولپنڈی اور اسلام آباد تک آسان رسائی بھی رکھتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے ملک میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور علاقہ اور ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔یہ بات انہوں نے چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک نمائندہ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس نے صدر وقار ظفر بختاوری کی سربراہی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مجوزہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی دستیابی سے علاقے کے معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری نے چکوال کی تاجر برادری کو اس علاقے کو عالمی سپلائی چین سے جوڑ کر قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک بڑا کھلاڑی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ چکوال میں سیاحت کے بے پناہ امکانات ہیں کیونکہ یہاں کٹاس راج، مندر، کلر کہار جھیل اور بہت سے دوسرے خوبصورت مقامات موجود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹریل زون کے ساتھ ساتھ کلر کہار میں قومی سطح کا پارک، تلہ گنگ میں جھیل ڈیم اور چکوال میں ایک ایگریکلچر ریسرچ سنٹر بھی بنایا جائے تاکہ علاقے میں بین الاقوامی سیاحت کے فروغ اور زراعت کو فروغ دیا جا سکے۔ 

ای پیپر دی نیشن