لاہور (خصوصی رپورٹ) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا غیر رجسٹرڈ حج گروپ یا سوشل میڈیا گروپ کے ساتھ حج بکنگ نہ کریں۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ حرم شریف اور مدینہ منورہ میں پرچم، تصاویر اٹھاتے ہیں، حرم شریف اور مدینہ منورہ میں پرچم، تصاویر اٹھانا، شرعاً جائز نہیں۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ ایف آئی اے کے ذریعے ایسے افراد کے خلاف ایکشن لے۔ اس سال کراچی سے بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت عازمین جائیں گے۔ سعودی عرب نے حج بکنگ کی تاریخ کو بڑھایا ہے۔ پرائیویٹ حجاج کے بعض گروپ سرکار سے بھی سستے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی تعلیمات کے مطابق صرف حکومت پاکستان اور سعودی اداروں سے رجسڑڈ کمپنیوں سے پرائیویٹ حج کی بکنگ کروائی جائے۔ پرائیویٹ سکیم کے تحت حجاج کی بکنگ تاحال جاری ہے۔ 9 مئی سے حج آپریشن اور 5 مئی سے تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اگلے ہفتے حجاج کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔ حجاج کرام کسی سیاسی، مذہبی اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں کی بجائے صرف دینی فریضہ پر توجہ دیں۔ حرمین شریفین میں سیاسی پرچم، نعرے بازی ، تصویریں لہرانا قطعی درست نہیں۔ حکومت پاکستان حرمین شریفین اور گردونواح میں بھیک مانگ کر اور حرم میں سیاسی سرگرمیاں کر کے پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور پریس کلب میں حج آرگنائزیشن (ہوپ) کے سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے حج آرگنائزیشن پاکستان کے دیگر عہدیداران سعید احمد ملک، چوہدری احسان اللہ، ملک عبد الخالق ، چوہدری محمد عادل ، خالد محمود بھٹی، پیر شفاعت احمد بودلہ، شاہد منظور اور ذیشان قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حج آپریشن 9 مئی سے شروع، حرمین شریفین میں سیاسی پرچم، تصاویر لگانا درست نہیں: طاہر اشرفی
Apr 29, 2024