اسلام اباد(خبرنگار)ترکیہ کی حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے سنیئر رہنما ، رکن پارلیمنٹ اور پاک ترک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین علی شاہین نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح بلخصوص مسلم ورلڈ میں اہمیت حاصل ہے جس بنا پر بعض طاقتیں پاکستان میں استحکام نہیں چاہتیں ، پاکستان کو کمزورکرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں ، پاکستان کی بقا کیلئے معاشی خودمختاری ضروری ہے ، پاکستان سے محبت ترکوں کے خون میں دوڑتی ہے، پاکستان اور ترکیہ امت مسلمہ کے جڑواں بیٹے ہیں، پاکستان میرا آبائی وطن ہے اور میں پاکستان کا بیٹا ہوں،پاکستان اور ترکیہ کے تجارتی تعلقات دونوں ملکوں کی عوام کی توقعات پر پورا نہیں اترتے، سی پیک اور ڈیویلپمنٹ روڈز پاک ، ترکیہ باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہونگے ،انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، خاص طور پر پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید مسائل کے حل کیلئے ہم سے ہمہ وقت رابطے میں ہیں ،مجھے معلوم ہے ترک ڈرامے پاکستان میں بہت مقبول ہیں ، ہم بھی پاکستانی ڈراموں کو ترک چینلز پر دکھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔وہ اپنے دفتر میں ترک پاک ویمن فورم کی سربراہ شبانہ ایازکے ہمراہ پاکستانی صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کر رہے تھے ۔ پاکستانی ڈرامے بھی ترکیہ کے چینلز پر چلنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی ڈرامہ کشکول اور دھواں بہت پسند تھا۔ پاکستانی ڈراموں کو ترکیہ چینلز پر چلانے کی ہم بھرپور کوشش کریں گے۔اس موقع پر علی شاہین نے پاک ترکیہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے کی کوششوں پر ترک پاک ویمن فورم کی سربراہ شبانہ ایاز کی کاوشوں کے خاص طور پر سراہا اور کہا کہ ترک حکومت اور عوام ان کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔