وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کوعیدالفطر سے پہلے عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے

وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام، بیت المال اور زکٰوۃ و عشر کی وزارت کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت  کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے تینوں اداروں سے کہا کہ وہ سیلاب زدگان کی امداد کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومتی پالیسی کے مطابق کام کریں۔  اجلاس میں وزیراعظم کو چیئرمین بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام، چیئرمین بیت المال اور سیکرٹری زکوۃ وعشر نے ملک  کے مختلف حصوں میں سیلاب متاثرین کیلئے سرانجام دی جانیوالی خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا 
بحالی کے عمل میں فنڈزاور امدادی سامان کی شفاف فراہمی کیلئے متعلقہ ادارے اپنا موثر کردارادا کریں اور متاثرین سیلاب کو فنڈزفراہم کرنے کے عمل میں منتخب اراکین کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔ اس سے پہلے جمیعت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور ان کو سیلاب ذدگان کی بحالی میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی تکمیل کے بعد سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے مشکل مرحلے کا سامنا ہوگا، جس کی کامیاب تکمیل کیلئے حکومت کو تمام سیاسی پارٹیوں ، سول سوسائٹی اور محب وطن افراد کی مدد درکار ہوگی۔  ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انکی جماعت حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن