لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ دہشت گردی، توانائی بحران اور دیگر مسائل کے حل کیلئے وفاق اور چاروں صوبوں کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔ بیروزگاری، غربت اور کرپشن کے ناسور کے سدباب کیلئے جامع اور ٹھوس اقدامات اٹھانا ہو ں گے۔ کالاباغ ڈیم کی معاشی افادیت اپنی جگہ لیکن سب سے پہلے پاکستان، کالاباغ ڈیم کی قومی اتفاق رائے کے بغیر تعمیر پاکستانی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کا واضح موقف ہے کہ چاروں صوبوں کے اتفاق رائے کے بغیر کالاباغ ڈیم کی تعمیر ملکی وحدت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہو گی۔ پاکستان پہلے اور کالاباغ ڈیم کے فوائد بعد میں ہیں۔ پنجاب بڑا بھائی نہیں بلکہ چاروں بھائیوں میں سے ایک ہے جس نے قومی مالیاتی کمیشن کی متفقہ منظوری کے لئے اپنے حصے کے 11 ارب روپے دیگر صوبوں کو دے کر بھائی چارے اور صوبائی ہم آہنگی کی تاریخی مثال قائم کی اور یہ رقم پانچ برسوں میں 55 ارب روپے بنتی ہے۔ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ملک ہے۔ ہمارے دکھ اور سکھ سانجھے ہیں، روکھی سوکھی مل بانٹ کر کھانا ہو گی۔ چاروں صوبوں کو یکسو ہو کر مسائل کے حل کے لئے ترجیحات کا تعین اور مل کر ان کے حل کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ وہ گزشتہ روز یہاں پنجاب کے دورے پر آئے ہوئے سندھ اسمبلی کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں مختلف سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)‘ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے علاوہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی شامل تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، اسے دہشت گردی اور توانائی بحران جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کو کچلنے کے لئے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے اور مشاورت کا یہ سلسلہ یقیناً بہترین فورم ہے۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے اور اس سے جمہوری انداز میں بہترین اور مشترکہ سوچ سامنے آتی ہے۔ انہوں نے وفد کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تھر میں دنیا کا سب سے بڑ ا کوئلے کا ذخیرہ ہے جس سے استفادہ کرنے کے لئے تما م تر توانائیاں اور وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا موقف واضح ہے کہ کالاباغ ڈیم کی معاشی افادیت اپنی جگہ لیکن قومی اتفاق رائے کے بغیر اس کی تعمیر قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔ امن و امان کا قیا م نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس کے بغیر ملک میں سرمایہ کاری کا سوچنا بھی وقت کا ضیاع ہو گا۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر اتفاق رائے سے پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انتہاپسندی سے نجات حاصل کئے بغیر ملک خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کیخلاف ترجیحات طے کر لی ہیں، مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ جیت لیں گے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 40ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ5 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اینا گومز کی قیادت میں یورپی یونین کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں یورپی یونین کے سفیر لارس گنروگ مارک کے علاوہ وفد کے دیگر اراکین، صوبائی وزراءخلیل طاہر سندھو، راجہ اشفاق سرور اور متعلقہ سیکرٹریز بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس انتہاپسندی اور دہشت گردی کو شکست دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں اور اس مقصد کیلئے حکومت پرعزم ہے اور اس مسئلے سے ہر صورت نمٹا جائے گا۔ بدقسمتی سے ماضی میں انتہاپسند عناصر کو بعض قوتوں کی جانب سے آشیرباد ملی اور اب کل کے جہادی آج کے دہشت گرد بن چکے ہیں۔ حکومت نے اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے اور اتفاق رائے سے قومی پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ برطانوی ترقیاتی ادارہ (ڈیفڈ) کے تعاون سے صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی اور ووکیشنل پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس کے تحت ہزاروں بچوں کو تعلیم کے ساتھ فنی تربیت دی جا رہی ہے جبکہ معاشرے کے غریب ترین طلباو طالبات کیلئے پسماندہ علاقوں میں دانش سکول قائم کئے گئے ہیں جہاں انہیں بہترین تعلیمی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی یورپی منڈیوں تک رسائی اور جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے نہ صرف غربت میں کمی آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوںگے اور خوشحالی آئے گی۔ پاکستان کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ یورپی یونین کے وفد نے کہا کہ پنجاب نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیاد ت میں گرانقدر ترقی کی ہے۔ دیگر صوبوں اور پنجاب کے درمیان سب سے بڑا فرق شہبازشریف کی شخصیت کا ہے، وزیراعلیٰ کے جذبے سچے اور سوچ مثبت ہے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کی تعمیر سے باہمی تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوگا اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔ چین نے ہمیشہ مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری ، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ این ڈی آر سی کراچی میں میٹرو بس سسٹم اور انڈرگراﺅنڈ سب وے کی تعمیر کیلئے تعاون کرے اور ان منصوبوں کی مکمل منصوبہ بندی سے لے کر عملدرآمد تک کے مراحل میں حکومت کو معاونت فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارم اینڈ فنانس کمیشن چائنہ کے وائس چیئرمین زانگ ژیاﺅ کیانگ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر، توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کیلئے چین کا تعاون لائق تحسین ہے۔ چین نے ہیوی مکینیکل کمپلیکس کی تعمیر سمیت ہر شعبہ میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ پاک چین باہمی تجارت کے حجم میں مزید اضافہ چاہتے ہیں۔ وائس چیئرمین این ڈی آر سی زانگ ژیاﺅ کیانگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کراچی میں میٹرو بس سسٹم، انڈر گراﺅنڈ سب وے کی تعمیر، توانائی اور انفراسٹرکچر کے دیگر منصوبوں کے حوالے سے بہت اچھی تجاویز پیش کی ہیں اور شہباز شریف بلاشبہ پاکستان کے مقبول سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں 11 ماہ میں میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کر کے شاندار کارنامہ سرانجام دیا گیا ہے۔ پنجاب میں ہونے والی مثالی ترقی سب کیلئے قابل تقلید ہے۔ چینی وفد کو صوبہ پنجاب میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبہ میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ نے حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے کا نو ٹس لے لیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں کامیابی کے جشن میں ہوائی فائرنگ کی گئی تھی۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق حلقہ این اے 103کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار میاں شاہد حسین بھٹی کی جیت کی خوشی میں ان کے حامیوں کی جانب سے منائے جانے والے جشن فتح کے دوران کھلم کھلا فائرنگ اور آتشباری کرنے پر پولیس تھانہ سکھیکی نے عدیل اور لیاقت سمیت 27ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی ہے۔
شہباز شریف