اسلام آباد (اے پی پی) قومی والی بال ٹیم ایران میں اگلے ماہ ہونے والے دوسرے کوالیفائنگ والی بال چیمپئن شپ میں فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث شرکت نہیں کرے گی۔ قطر میں ہونے والے4 ملکی والی بال ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم کی شرکت مشکوک ہے جبکہ اس طرح دبئی میں ہونے والی ایشئین والی بال ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم شرکت کرے گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چوہدری محمد یعقوب نے بتایا کہ ایران میں دوسرے کوالیفائنگ راﺅنڈ 11 سے 13ستمبر تک منعقد ہونگے اور ایونٹ میں شرکت کیلئے ٹیم نے9 ستمبر کو روانہ ہونا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ 20 سے25 ستمبر تک 4 ملکی والی بال ٹورنامنٹ قطر میں منعقد ہوگا۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کو بروقت فنڈز نہیں ملے جس کی وجہ سے ٹیم اس ایونٹ میں بھی شرکت نہیں کر پائیگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ اس میں پاکستان سمیت آسٹریلیا، میزبان قطر اور جاپان کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے جیتنے کے کافی امکانات موجود ہیں تاہم اگر اس ایونٹ کیلئے فنڈز نہ ملے تو قومی ٹیم اس ایونٹ میں بھی شرکت نہیں کرسکے گی ۔دبئی میں اگلے ماہ ہونے والی ایشئن والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم فنڈز ملے یا نہ ملے ضرور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے اور کیمپ میں کوچز کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ تربیتی کمپ سے ایشئن والی بال چیمپئن شپ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
فنڈز کی عدم دستیابی ‘ قومی ٹیم کوالیفائنگ والی بال چیمپئن شپ میں شرکت مشکوک
Aug 29, 2013