لاہور (سپورٹس رپورٹر) دیسی کشتی کا سب سے بڑا دنگل رستم پاکستان ملک میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دنگل مقابلوں کا ابتدائی را¶نڈ یکم ستمبر سے لاہور میں شروع ہونے والے نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کے موقع پر کیا جانا تھا تاہم پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلاب کی وجہ پہلوانوں کو میگا ایونٹ کی تیاری کے لئے بھرپور موقع دینے کے لئے نیشنل چیمپئن شپ اور رستم پاکستان دنگل مقابلے کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق رستم پاکستان دنگل کا ابتدائی را¶نڈ اور نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ اب اکتوبر میں منعقد کی جائے گی جس کی تاریخوں کا اعلان اگلے پندرہ روز میں کر دیا جائے گا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری چوہدری محمد اصغر کے مطابق جنوبی پنجاب سمیت سندھ اور خیبر پی کے میں سیلاب کی وجہ سے پہلوان اپنی تیاری نہیں کر سکے ہیں، رستم پاکستان چونکہ ایک بڑا دنگل ٹائٹل مقابلہ ہے جس کے لئے ہم پہلوانوں کو پوری تیاری کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رستم پاکستان دنگل کے لئے سپانسرشپ کی تلاش جاری ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اس مرتبہ بھی رستم پاکستان کے فاتح پہلوان کو تین لاکھ روپے انعام دیں۔