نیویارک (آن لائن) مصر کے برطرف صدر محمد مرسی کے ایک معاون کی اہلیہ نے اپنے خاوند کی رہائی کے سلسلے میں اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا ہے۔کینیڈین شہری سارہ عطیہ بہت جلد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر نیوی پلے اور عالمی ادارے کے تحقیقات کاروں سے ملاقات کرنے والی ہیں۔اس ملاقات میں وہ اپنے خاوند کی رہائی کا مسئلہ اٹھائیں گی۔اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک پینل نے اپریل میں سارہ کے خاوند خالد القزاز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور مصری حکام سے ان سمیت ڈاکٹر محمد مرسی کے دوسرے معاونین اور مشیروں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔خالد القزاز کو 3 جولائی 2013ء کو ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔مصری سکیورٹی فورسز نے ان سمیت برطرف صدر کے آٹھ دیگر سینیر مشیروں کو گرفتار کیا تھا۔