نواز شریف دوسرے وزیراعظم ہیں جن پر قتل کا مقدمہ درج ہوا

Aug 29, 2014

لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کے دوسرے وزیراعظم ہیں جن کے اپنے دور اقتدار میں ان کے خلاف مقدمہ قتل کا اندراج ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو پہلے وزیراعظم تھے جن کے خلاف لاہور ہی کے ایک تھانہ ’’اچھرہ‘‘ میں قتل کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ اچھرہ عبدالحئی خان نیازی نے درج کیا تھا جبکہ نواز شریف کے خلاف تھانہ فیصل ٹائون میں ایس ایچ او چودھری شریف سندھو نے مقدمہ قتل درج کیا۔ بھٹو نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو سیل کروا دیا تھا جبکہ قوی امکان ہے نواز شریف اس مقدمہ قتل کا عدالت میں سامنا کریں گے اور بہت ممکن ہے کہ پولیس دوران تفتیش ہی وزیراعظم نواز شریف کو بے گناہ قرار دے کر ان کا نام مقدمہ قتل سے خارج کر دے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کسی صوبے کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جن پر خود ان کے دور حکومت میں قتل کا پرچہ کاٹا گیا ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یہ بھی منفرد نوعیت کا واقعہ کہلائے گا کہ ملک کے وزیراعظم اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیراعلیٰ پر بیک وقت مقدمہ قتل درج ہوا جبکہ ان کا اقتدار پورے عروج پر تھا۔
نواز شریف/ مقدمہ

مزیدخبریں