کیپٹن (ر) صفدر کے والد انتقال کر گئے، وزیراعظم کی لاہور آمد اور واپسی

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف کے سمدھی اور کیپٹن (ر) محمد صفدر ایم این اے و صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن) کے والد محمد اسحاق طویل علالت کے بعد گزشتہ روز شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں وفات پا گئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کو کیپٹن محمد صفدر کے والد کی وفات کی اطلاع اسلام آباد میں ملی۔ وزیراعظم اور مریم نواز اسلام آباد سے لاہور پہنچے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور چودھری نثار بھی تھے۔ بعدازاں وزیراعظم واپس اسلام آباد چلے گئے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کیپٹن (ر) محمد صفدر سے ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محمد اسحاق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبروتحمل سے برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔
انتقال

ای پیپر دی نیشن