وزیرآباد (نامہ نگار) یوم آزادی پر لاہور میں منعقدہ باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والا وزیرآباد کا باڈی بلڈر پانی کی کمی کا شکار ہو کر انتقال کر گیا۔ باڈی بلڈر کو طبی امداد کے بعد لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ یوم آزادی کے سلسلے میں لاہور میں آل پاکستان باڈی بلڈنگ کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں نظام آباد (وزیرآباد)کے ناصر نے بھی حصہ لیا۔مقابلوں کے دوران ناصر کی طبیعت ناساز ہوئی تاہم اس نے مقابلوںمیں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ انعامات اور میڈل کی تقسیم کے دوران ناصر بے ہوش ہو کرگر پڑا اسے اس کے ساتھی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے گئے جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں وہ جاں بحق ہو گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایکسٹرا ڈائٹنگ اور پانی کے کم استعمال کی وجہ سے اس کے دل، پھیپھڑے اور دیگر جسمانی نظام وغیرہ متاثر ہوا جس کے باعث وہ دم توڑ گیا۔