اسلام آباد (صباح نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایک ایٹمی ریاست کے طور پر پاکستان کی پالیسی ایک ذمہ دارانہ ملک کے طور پر طے کی گئی ہے ہم کم سے کم ڈیٹرینس کے اصول پر کاربند ہیں اور ہمارا ایٹمی پروگرام جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ہے پاکستان کی ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونے کی کوئی خواہش نہیں۔ ترجمان نے کہا ہم اخبارات میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان ایٹمی ہتھیار بنانے کے حوالے سے تیزی سے ابھرتا ہوا ملک ہے اس طرح کی رپورٹس کا مقصد بھارت کی طرف سے ایٹمی مواد کے حصول سے توجہ مبذول کروانا ہے جس سے بھارت نیوکلیئر سپلائر گروپ کے ممالک کے ساتھ معاہدے کر رہا ہے اور خطے کو عدم استحکام کی طرف لے جا رہا ہے۔