لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر عالمی قوتوں نے بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی جاری رکھی تو عالمی امن خطرے میں پڑ جائیگا۔ اسلام دنیا میں امن و آشتی اور محبت کا علمبردار ہے، اسکی بنیادی تعلیمات انسانیت کی بھلائی کا درس دیتی ہیں۔ حضرت محمدؐ کا خطبہ حجۃ الوداع عالمی امن کا بہترین چارٹر ہے۔ بھارت کی آئے روز گولہ باری سے دو ایٹمی طاقتوں میں جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ بھارت کو اشتعال انگیزیوں سے روکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ویلتھم ٹائون ہال لندن میں پاکستانیوں کے اجتماع اور اسلامک مشن سنٹر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ دنیا بھر میں اس وقت مسلمانوں سے بڑھ کر کوئی مظلوم نہیں جنہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے اور الٹا انہی پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔ عالمی برادری کو عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف جاری امتیازی سلوک کو ختم کرنا چاہیے۔ بھارتی گولہ باری سے درجنوں پاکستانی شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے لیکن عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ مودی جیسے انتہاپسند ہندو کا وزیراعظم بن جانا خطے میں بدامنی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ امریکہ اور اسرائیل بھارتی جارحیت کی سرپرستی کررہے ہیں۔ امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بناناچاہتا ہے لیکن پاکستان کسی قیمت پر بھارتی بالادستی کو قبول نہیں کریگا۔ بھارت کو پاک چائنہ کوریڈور منصوبہ ہضم نہیں ہورہا اور وہ ہر صورت اس کو روکنا چاہتاہے۔ سراج الحق نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے شہدا کیلئے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بھارت‘ اسرائیل کیلئے سرپرستی جاری رہی تو عالمی امن خطرے میں پڑ جائیگا: سراج الحق
Aug 29, 2015