اسلام آباد (شفقت علی/ دی نیشن رپورٹ) حکومت نے اندرون خانہ پاکستان پیپلز پارٹی تک یہ بات پہنچا دی ہے کہ آصف علی زرداری کو کسی کرپشن کیس میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ دی نیشن کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پی پی پی رہنماؤں کے جارحانہ بیانات کا نوٹس لیا ہے ایک سینئر وزیر نے بتایا کہ پی پی پی کو یقین دہانی کرائی جا رہی ہے کہ زرداری گرفتار نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ زرداری کے حوالے سے نرم رویہ رکھیں۔ یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب حکمران جماعت کی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ الیکشن کے موضوع پر محاذ آرائی جاری ہے اور دوسری جانب وہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مفاہمت کی راہ تلاش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے کے دوران پیپلز پارٹی نے جمہوری نظام کی حمایت کی تھی اور وہ اس وقت پیپلز پارٹی سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتی۔ اس سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں زرداری نے حکمران جماعت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔