مریم نواز کی سربراہی میں تھنک ٹینک تحریک انصاف کے الزامات کا جارحانہ جواب دے گا

Aug 29, 2015

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے تحریک انصاف کے الزامات کا جارحانہ انداز میں جواب دینے کیلئے پارٹی قیادت کو گرین سگنل دیدیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سربراہی میں قائم ’’تھنک ٹینک‘‘ تحریک انصاف کے خلاف سرگرم عمل ہو گیا ہے۔ وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی جو تھنک ٹینک کے ارکان ہیں نے تحریک انصاف کے خلاف محاذ کھول لیا ہے۔ اسی طرح دیگر رہنما بھی پریس کانفرنسوں سے خطاب کرینگے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں 2013ء کا انتخابی ماحول پیدا کر کے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی برتری ثابت کرنا چاہتی ہے۔ پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو انتخاب لڑنے کا چیلنج دیکر پسپائی پر مجبور کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن نے الیکشن ٹربیونلز کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ سے حکم امتناعی حاصل نہ کرنے کا سیاسی فیصلہ کر کے تحریک انصاف کے ’’جشن‘‘ کو پھیکا کر دیا ہے۔ تحریک انصاف 3 روزہ جشن منانے کے بعد اب بائیکاٹ کا سوچنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسلم لیگی رہنمائوں کو پنجاب میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کو ’’ٹیسٹ کیس‘‘ کے طور پر لڑنے کا ٹاسک دیا ہے، وہ ان تین حلقوں میں مسلم لیگ ن کے انتخابی جلسوں کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کیلئے مسلم لیگی رہنمائوں کی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

مزیدخبریں