لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) تحریک انصاف نے الیکشن کمشن کی طرف سے ٹربیونلز کے 3 ججز کو توسیع نہ دینے اور ان کی جگہ نئے ججز کی تقرری کے ممکنہ فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی کے ذمہ دار قانونی ذرائع کے مطابق 31 اگست کے بعدنئے ججز کی تقرری ہوتے ہی آئینی رٹ درخواست دائر کردی جائے گی جس کے لئے سینئر وکلاء کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ الیکشن کمشن کی طرف سے ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل ٹربیونل بنانے کی الیکشن کمشن کی درخواست کو چیف جسٹس نے منظور کرلیا تو ان تقرریوں کو آئین کے آرٹیکل 175 کے تحت عدلیہ کی آزادی کے منافی قرار دیتے ہوئے چیلنج کیا جائے گا۔ یہ مؤقف بھی اختیار کیا جائے گا کہ ٹربیونلز میں پہلے ریٹائرڈ اور اب حاضر سروس ججز کی تقرری شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کرنے کے آئینی حق سے متصادم ہے۔ اگر نئی تقرریاں کی گئیں تو ایک طرف متاثرہ فریق عدم مساوات کا شکار ہوں گے جبکہ اس کے ساتھ انتخابی عذر داریوں کے فیصلوں میں مزید تاخیر ہوگی۔ الیکشن کمشن کی طرف سے ٹربیونلز میں نئی تقرریوں کو پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ متعدد امیدواروں کی طرف سے بھی چیلنج کئے جانے کا امکان ہے۔