پشاور/ بنوں/ مستونگ (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) بنوں میں 2 نوجوانوں کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ پشاور میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مستونگ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے باراتیوں کی بس پر فائرنگ کر دی جس کے باعث 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل یونٹ پولیس نے حساس اداروں کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایک اہم دہشت گرد کمانڈر بلال عرف کوڈو کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ سپیشل پولیس یونٹ کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے اور خیبر ایجنسی کا رہائشی ہے جبکہ دہشت گرد حیات آباد میں تین ماہ قبل سکیورٹی فورسز پر 3 بار حملے میں ملوث رہا ہے اور سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز دہشت گر بلال کا اہم ساتھی حیات آباد میں بم نصب کرتے ہوئے دھماکے سے ہلاک ہوگیا تھا۔گرفتار دہشت گردکو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جس سے اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔ ادھر بنوں سے دو نوجوانوں کی نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق علاقہ شیخ خان سے ملنے والے دونوں نوجوانوں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔ موقع پر بڑی تعداد میں گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ دونوں کی شناخت رفیع اللہ اور صدیق کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی عمریں 22 سے 25 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے جن کا تعلق بازار احمد خان سے بتایا جا رہا ہے۔ ادھر باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ بالول خان گھر سے باہر جا رہا تھا بم کی زد میں آ گیا۔