اسلام آباد(آن لائن )سپریم کورٹ نے پاکستان ریلوے کی جانب سے لیزپر دی گئی اراضی کو مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ عدالت اس حوالے سے حکم جاری کریگی ۔ ریلوے کی اپیل بھی زائدالمیعادہے ۔ چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ریلوے اراضی از خود کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پشاو ر میں ریلوے کی زمین کو لیز پر دینے سے متعلق ریلوے بورڈ کا ریکارڈ نہیں ملا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے نے اس معاملے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ جسٹس دوست محمد نے کہا کہ بنوں اور لکی مروت میں ریلوے کی چھ سو ایکڑ اراضی پرکثیر المنزلہ عمارات بن چکی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ریلوے کی اپیل زائد المیعاد ہے ہم ریلوے کی اراضی کے حوالے سے حکم جاری کریںگے۔