پشاور (این این آئی+صباح نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کرے وزیر اعظم نواز شریف خو د کو پورے ملک کا وزیراعظم بن کر دکھائیں ہمیں پنجاب کے عوام سے کوئی اختلاف نہیں مگر خیبرپی کے، سندھ اور بلوچستان کو بھی ان کاحق دیا جائے۔ وزیراعظم نو ازشریف دوغلی سیاست کی بجائے تمام صوبوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کریں۔ خیبرپی کے کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں۔ وفاقی بجٹ میں ان اعلانات کا دور دور تک پتہ نہیں۔ معلوم نہیں وزیراعظم پانی سے سستی بجلی بنانے کی بجائے کوئلے، فرنس آئل سے مہنگی بجلی پر کیوں زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ سابقہ صوبائی حکومت نے بدعنوانی اور کرپشن کے تما م ریکارڈ توڑ دیئے تھے تمام اداروں کو دائو پر لگایاحکومت میں سب چور اور ڈاکو اکٹھے ہوئے تھے ہم نے اداروں کو ٹھیک کرنے اور کرپشن پر قابو پانے کے لیے کٹھن سفر شروع کیا خیبرپی کے کے عوام کو اس سفر کے ثمرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ وہ نوشہرہ میں جماعت اسلامی کے رہنما ممبر ضلع کونسل ناذید علی کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام اور مانکی شریف میں بشر خان خٹک فضل محمد عرف چن بادشاہ وصال خان نائب ناظم کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر عشائیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرپیر سباق کے انور علی ،پیر سباق ٹرانسپورٹ کے صدر گل قند شاہ ، انجمن زمینداران پیر سباق کے صدر مسعود خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا افسوس سے کہنا پڑتا ہے بدقسمتی سے ہمیں ایماندار قیادت اب تک نہیں ملی جو بھی اقتدار پر قابض ہوا اس نے لوٹ کھسوٹ کرپشن، کمیشن، رشوت بدعنوانی کے ریکارڈ توڑے، امیر مقام وزیر اعظم کا مشیر ہونے کے باوجود صوبے کو لوڈشیڈنگ سے نجات نہ دلاسکے جبکہ وفاقی حکومت خیبرپی کے کے بجلی کے کوٹے سے چھ سو میگا واٹ بجلی سرعام چوری کررہی ہے سوئی گیس کی چوری کے بارے میں بھی معلومات ملی ہیں۔ بجلی اورگیس کی ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ امیر مقام وفاق کا ایجنٹ بننے کی بجائے صوبے کے عوام کے حق کے لیے آواز اٹھائے۔ ہم وفاقی حکومت کوخبردار کرتے ہیں صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور غلط جرمانوں کاسلسلہ بند نہ کیا اور ہمیں بجلی کا پورا کوٹہ نہ دیا، صوبے میں واپڈا نے اپنا انفراسٹرکچر درست نہیں کیا تو ہم احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔ ہم مجبور ہوکر واپڈا ہائوس پشاور کاگھیرائو کرکے ان کو تالے لگائیں گے اور اس وقت تک یہ احتجاج جاری رہے گا جب تک وفاق ہمارا حق تسلیم نہیں کرتا۔ میں خود اس احتجاج کی قیادت کروں گا۔ ایم پی اے بڑا لیڈر بننا چاہتا تھا اور مجھے ختم کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا۔ اسلئے وہ خود ختم ہو گیا میں نے بہت کوشش کی کہ وہ راہ راست پر آئے۔ آنے والے عام انتخابات میں فتح تحریک انصاف کی ہوگی۔ اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔
وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کے ساتھ نارواسلوک بند کرے: پرویزخٹک
Aug 29, 2016