اسلام آباد /لاہور (این این آئی/آئی این پی/اے پی پی) وزارت پانی وبجلی نے کہا ہے کہ ملک سے جنوری 2018ء تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ٗ 2018ء کے آخر تک 4 ہزار میگا واٹ تک اضافی بجلی بھی میسر ہوگی ٗ رواں ماہ کے آخر تک سرکلر ڈیٹ 310ارب ہوگا ،2015ء میں بہتر پالیسیوں کی بدولت 93.4 فیصد ریکوری کی گئی۔ علاو ازیں 2015ء میں پی ایس او کو 126فیصد ادائیگیاں کی گئیں جبکہ آئی پی پیز کو بھی ادائیگیاں یقینی بنائی گئیں جس سے پاور سیکٹر کو فیول کے مسائل ختم ہو گئے۔ وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈاگا نے کہا ہے سرکلر ڈیٹ 329 ارب جو سال کے آخر تک 310 ارب رہ جائے گا گھر ریتلے، کشن گنگا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت جا رہے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈاگا نے کہا کہ رواں سال کے آخر میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ تربیلا فور توسیعی منصوبے کا 67 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق تربیلا فور توسیعی منصوبے پر کام مئی 2017 میں مکمل ہو جائے گا۔ متبادل ذرائع سے شفاف توانائی کے منصوبوں پر 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے 300 میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوگی۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق زینفا پاکستان نیو انرجی کمپنی صوبہ پنجاب میں شمسی توانائی سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے 122 ملین ڈالر جبکہ صوبہ سندھ میں ویسٹرن انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ ہوا کی مدد سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے 116.2ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔