لاہور + کوئٹہ + کوہستان ( سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) کوئٹہ میں سرچ آپریشن اور مدرسے پر چھاپے کے دوران 328 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور میں 32 مشتبہ افراد پکڑے گئے جبکہ کوہستان کے علاقے چلاس میں 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 37 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد مناواں اور اس کے گردونواح میں سے 14 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مناواں کے علاقہ میں سی ٹی ڈی سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے 4 دہشت گردوں کی لاشیں مُردہ خانے بھجوا دی گئیں جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقے بھوسہ منڈی میں کارروائی کی۔ قانونی دستاویزات کے بغیر مدرسے میں رہائش پذیر 100 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے بعد مدرسے کو سیل کر دیا گیا۔ گرفتار افراد سے ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بغیر دستاویزات سفر کرنے والے 328 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف سی کے مطابق گرفتارافراد کو افغانستان ڈی پورٹ کرنے کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں افغان حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں پاکستان سے 50 ہزار سے زائد افغان مہاجرین وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق مہاجرین اور ان کی واپسی پر وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں 50 ہزار سے زائد افغان مہاجرین پاکستان سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ مہاجرین کے بنیادی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں چلاس کے علاقے سے تین دہشت گرد گرفتار کرکے ایس ایم جی‘ پستول‘ ایم 16 اور 850 گولیاں برآمد کرلیں۔ گرفتار دہشت گردوں میں ظفر اللہ‘ سمیع اللہ اور مقبول شامل ہیں۔ رحیم یار خان سے کرائم رپورٹر کے مطابق رحیم یار خان پولیس نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ خیبر پی کے سے کراچی کار کے ذریعے منتقل کیا جانے والا 9 کلو دھماکہ خیز مواد‘ 1500 سے زائد ڈیٹونیٹرز و دیگر آلات برآمد کر لئے گئے جبکہ دو خواتین سمیت تین دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ گزشتہ روز سندھ پنجاب بارڈر پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پر لگائی جانے والی ناکہ بندی کے دوران مشکوک کار ٹوڈی کو روک کر تلاشی لی تو کار سے سوا نو کلو دھماکہ خیز مواد اور دیگر آلات وغیرہ برآمد کر لئے۔ علاوہ ازیں ترجمان ایف سی کے مطابق ژوب میں حساس اداروں نے کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلقات کے شبہ میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
سرچ آپریشن