لاہور(سپورٹس رپورٹر) چوتھے ویمن ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے تعداد 34 کر دی گئی ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم کے کوچ ایم عثمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمن ہاکی کھلاڑیوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مینز کی طرح ویمنز کھیل پر بھی توجہ دینا شروع کی ہے۔ اگر یہ سلسلہ اگلے پانچ چھ سال تک مسلسل جاری رہا تو پاکستان ویمن ہاکی کا شمار بھی ایشیا کی ٹاپ ٹیموں میں ہونا شروع ہو جائے گا۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویمن کھلاڑیوں نے کیمپ میں بہت محنت کی ہے، تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی سکلز میں اضافہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس ، شارٹ کارنر، ڈیفنس لائن کو مضبوط بنانے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر کی دلچسپی کی بنا پر پاکستان ویمن ہاکی کو ترقی دی جا رہی ہے۔ فیڈریشن کی جانب سے مینز کی طرح ویمنز ہاکی ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بعض شعبوں میں مزید سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے جس پر کام کیا جا رہا ہے۔ چوتھے ویمن ایشا کپ میں نتائج کیا رہیں گے اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم یہ حقیقت ہے کہ پاکستان ویمن ہاکی ابھی بہت پیچھے ہے جس کی ترقی اسی صورت میں ممکن ہے جب ویمن ہاکی مسلسل پانچ چھ سال تک بین الاقوامی ہاکی مقابلوں میں شریک ہوتی رہے۔