زرداری سے ملاقات، پی ٹی آئی کے رکن خیبر پی کے اسمبلی ضیا آفریدی پی پی میں شامل

اسلام آباد(این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے رکن کے پی اسمبلی ضیا اللہ آفریدی نے آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ضیااللہ آفریدی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پختون عوام کو شناخت دی، این ایف سی ایوارڈ دیا اور سب سے بڑھ کر صوبوں کو خودمختاری دی۔ زرداری کے وژن سے ملک ترقی کریگا۔ سابق صدر نے ضیااللہ آفریدی کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر ان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔ پارٹی کو منظم کیا جائے اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام نوجوانوں تک پہنچایا جائے۔ زرداری نے کہا کہ کے پی کے عوام نے ملک کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے پی کے عوام کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات جیت کر کے پی میں حکومت بنائے گی اور ان کے مسائل حل کرے گی۔ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ عمران بہت سی باتوں کا کریڈٹ لیتے ہیں۔ وہ ورکرز کی قدر نہیں کرتے۔ عمران خان کے دعوے جھوٹے ہیں اور پرویزخٹک بھی کرپٹ ہیں۔ سب کہہ رہے ہیں کہ خیبر بنک میں بدعنوانی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی ، اے ٹی ایم کی جماعت ہے۔علاوہ ازیں آصف علی زرداری آج (منگل) کو اہم پریس کانفرنس میں سیاسی صورتحال سمیت ٹرمپ کے بیان پر بھی اپنا اور پارٹی کی جانب سے ردعمل دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن