لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ہماری حکومت کے انقلابی اقدامات سے امیر اورغریب کے درمیان خلیج کم ہو رہی ہے۔ امیر اور غریب کیلئے الگ تعلیم اور صحت کی سہولیات کے کلچر کو بدلنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور امیر اور غریب کے پاکستان کے فرق کو ہر صورت مٹاکردم لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کا واحد راستہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے دکھوں کو خوشیوں میں بدلنے اور ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے دل وجان سے جدوجہد کررہی ہے‘ محروم معیشت طبقات کو بھی تعلیم اورعلاج کی وہی سہولتیں دیں گے جو امیر کو حاصل ہیں۔ یہ اس پاکستان کی جانب پیش قدمی ہے جس کا خواب علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا‘ تعلیم سمیت ہر شعبہ میں میرٹ کو رائج کیا گیا ہے اور میرٹ کی پالیسی پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جبکہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے ہزاروں بچوں کے ہاتھوںمیں قلم اورکتاب دی گئیں ہیں۔ پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی سے صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔ میرٹ کی کوئی قیمت نہیں، جسے ہیرے جواہرات میں بھی تولہ نہیں جاسکتااورمیرٹ پالیسی پر عمل کر کے حق داروں کو ان کا حق دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے جدید ترین مویشی منڈیاں قائم کی ہیں۔ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے آنے والوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی منڈیاں قائم کرنے والوں کو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے۔ مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مویشی منڈیوں میں سپرے باقاعدگی سے جاری رکھا جائے اور کانگو وائرس اور ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عمل کیا جائے۔ متعلقہ صوبائی وزیر اور سیکرٹری مویشی منڈیوں کے دورے جاری رکھیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں دو گھنٹے طویل اجلاس میں عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر صفائی، مویشی منڈیوں میں انتظامات ، ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے اقدامات، جھولوں کے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کہا کہ عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں‘ سڑکوں پر سری پائے بھوننے پر پابندی ہوگی۔کھلے مقامات پر سری پائے بھوننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔سری پائے بھوننے کا ایک واقعہ بھی سامنے آیا تو ذمہ دار متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ہوں گے‘ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے‘ تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔