کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سندھ حکومت نے مردم شماری کے ابتدائی نتائج کو مسترد کر دیا جبکہ وفاقی حکومت نے مردم شماری پر ہونے والے اعتراضات مسترد کر دئیے ہیں ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے مردم شماری میں سندھ کی آبادی کم ظاہر کرنا وفاق کی سازش ہے‘ سندھ اپنے حق سے دستبردار نہیں ہو گا‘ اپنا حق لے کر رہیں گے‘ مردم شماری نتائج کے ایشو پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ منصوبے کے تحت سندھ کی آبادی کم ظاہر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں سندھ کے خدشات دور نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت کو سندھ کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دینگے۔ این این آئی کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر نثارکھوڑو نے کہا مردم شماری میں کراچی کی آبادی جان بوجھ کر کم ظاہر کی گئی، کراچی جیسے بڑے شہر کی آبادی کو کم ظاہر کرنا وفاق کی سازش ہے، ایک منصوبے کے تحت سندھ کی آبادی کم ظاہر کی گئی ہے جبکہ مالیاتی ایوارڈ میں سندھ کا حصہ نہ بڑھانے کے لئے بھی آبادی کو کم ظاہرکیا گیا۔ سینئر وزیر نے کہا سندھ کا مطالبہ تھا گھر گھر شماری کے موقع پر ہر گھر کو فارم کی فوٹو کاپی فراہم کی جائے لیکن وفاق نے مردم شماری کے نتائج کو راز میں رکھ کر سندھ کے ساتھ سازش کی ہے، مردم شماری میں سندھ کے خدشات دور نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا سندھ اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا ہم اپنا حق لے کر رہیں گے، صورتحال پر غور کرنے اور مزید لائحہ عمل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کرکے جلد اے پی سی بلائی جائے گی۔ نوائے وقت کے مطابق ذرائع وفاقی حکومت کے مطابق ملک میں شفاف مردم شماری کا انعقاد کیا گیا۔ ممبر شماریات حبیب اللہ خٹک نے کہا ہے تمام صوبوں میں مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ مانیٹرنگ کمیٹیوں کو بریفنگ دی جاتی رہی۔ مردم شماری سے متعلق شکایات کو نمٹانے کیلئے اضافی وقت بھی دیا گیا۔
کراچی کی آبادی کم کرنا سازش‘ مردم شماری نتائج نہیں مانتے: سندھ حکومت‘ وفاق نے اعتراضات مسترد کر دیئے
Aug 29, 2017