لاہور(سپورٹس رپورٹر) جشن ِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منانے کیلئے پاکستان کراٹے آرگنائزیشن کی جانب سے ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو میں جشن ِ آزادی 21 ویں نیشنل کراٹے اینڈ کاپا چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک بھر سے چاروں صوبوں کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پنجاب کی ٹیم تین گولڈ، چار سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کرکے ٹرافی لے اڑی۔ سندھ کی ٹیم نے تین گولڈ ، ایک سلور اور تین برانز میڈل حاصل کرکے دوسری جبکہ اسلام آباد کی ٹیم نے ایک گولڈ اور دو برانز میڈل حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر معروف شخصیت شیخ عامر دائود مہمانِ خصوصی تھے ۔ جنہوں نے کھلاڑیوں کے اچھے کھیل پر داد پیش کی اور انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ، انٹرنیشنل ریفری، شیحا عطا حسین بٹ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیں دکھانے کا موقع ملا ہے۔ اس قسم کے ایونٹس منعقد کرواتے رہیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ کھیل پروان چڑھیں اور ایک صحت مند معاشرہ قائم ہوسکے۔