دوسرے کے کام میں ٹانگ اڑاتے 70 برس ہوگئے، نظام ایسے نہیں چلتا: سعد رفیق

Aug 29, 2017

لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ70برس ہو گئے ایک دوسرے کے کام میں ٹانگ اڑاتے جس سے پاکستان کی یہ صورت حال ہو گئی ہے۔ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کام کرنا ہو گا۔ استحکام جمہوریت ٹرین نوازشریف نے چلا دی ہے جس میں تھوڑا سا میرا بھی حصہ تھا اور میں اس ٹرین کا مسافر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں ریلوے نے بہت ترقی کی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ خطہ کی سب سے بہترین ریلوے ہو گی بشرطیکہ آنیوالی حکومتیں آگے لیکر چلیں اور محکمہ سے سیاست کا خاتمہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ڈپلیکیٹ ٹکٹ کے اجراء کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ریلوے بنی ہے ڈپلیکیٹ ٹکٹ کا نظام نہیں تھا جس سے مسافروں کو شدید یشانی کا سامنا تھا ریلوے ٹکٹ کو کرنسی کی شکل حاصل تھی چند ماہ قبل ایک ویڈیو اپ لوڈ ہوئی جس میں ریلوے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہم نے اس ویڈیو کو مثبت لیا اور مسائل کا حل تلاش کیا اور اس مسئلہ کو آئی ٹی کی مدد سے حل کیا اب کسی مسافر کا ٹکٹ گم ہوتا ہے تو وہ اپنے موبائل سے ایک میسج کے ذریعے ڈپلیکیٹ ٹکٹ حاصل کر سکتا ہے اور صرف 10فیصد کٹوتی ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے ریلوے سٹور پرچیز کے ملازم محمد طارق کے بیٹے عمر طارق کو لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن لینے پر 50ہزار نقد اور شیلڈ بھی دی۔ وزیر ریلوے نے آزادی ٹرین کی مین لائن سے کراچی سے واپسی کا بھی اعلان کیا۔ این این آئی کے مطابق سعد رفیق نے بتایا مجھے ایک صاحب کا موبائل پر دھمکی آمیز ٹیکسٹ آیا ہے کہ فلاں کام کر دو، وگرنہ میں پریس کانفرنس کروں گا۔ میں کہتا ہوں اپنا شوق پورا کرلو، دھمکیوں سے کام نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا 70 برسوں سے ہرکوئی ایک دوسرے کے کام میں مداخلت کررہا ہے، اس طرح سے نظام نہیں چل سکتا۔

مزیدخبریں