خیبرپی کے میں تبدیلی کے نعرے والوں نے مایوس کیا: آفتاب شیرپائو

Aug 29, 2017

اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا ہے کہ خیبرپی کے میں تبدیلی کا نعرہ لیکر آنیوالوں نے عوام کو بری طرح مایوس کیا، صحت، تعلیم کے شعبوں سمیت پولیس کی ناقص کارکردگی کے پول کھل چکے، جلسوں میں جو کچھ کہا جاتا ہے زمینی حقائق اسکے برعکس ہیں، تمام ریجنز کے یکساں حقوق اور وسائل کی فراہمی کا منشور لیکر میدان میں آئے ہیں، ٹرمپ کا بیان تشویشناک اور قابل مذمت ہے، پاکستانی قوم اور افواج پاکستان سے بڑھ کر کسی ملک نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اس قدر قربانیاں نہیں دیں، مردم شماری کے عبوری اعدادوشمار پر شکوک و شبہات ہیں جس پر پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ہماری توقعات پر کیا پورا اترنا تھا وہ اپنی توقعات پر بھی پورا نہیں اترے، عمران خان سیاحت کے لئے سوات میں جگہ ڈھونڈتے رہے صحت کے شعبہ پر کوئی توجہ نہیں دی، کنٹینرز سکولوں پر اربوں روپے لگا کر انہیں بند کر دیا گیا۔ پولیس جس کی عمران خان اور وزیر اعلی کے پی کے تعریف کرتے نہیں تھکتے خود پشاور ہائیکورٹ نے کے پی کے پولیس کی کارکردگی کو صفر قرار دیا ہے۔ عمران نے ڈینگی کے مسئلے پر توجہ نہیں دی۔ پنجاب حکومت کی مدد کا خیرمقدم کرنا چاہئے تھا۔

مزیدخبریں