اسلام آباد (نیٹ نیوز) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکڑ عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں طوفان اٹھ رہا ہے،کسی کو اندازہ نہیں۔ عمران خان کو کہا کہ فیصلے مشاورت سے کریں، عمران خان آج کل کسی کی نہیں سن رہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ کراچی کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کو بارہا کراچی آنے کا کہا ہے، عمران خان نے مجھ سے کہا تھا کراچی ہمارے لئے اہم نہیں، عمران خان کے کہنے پر اسمبلی میں زرداری کے پاس گیا، قدموں میں بیٹھ کرزرداری سے کہا کہ احتجاج نہ کریں، آصف زرداری سے ملاقات کی خواہش کا اظہارکیا، عارف علوی نے کہا سیاسی جماعتوں سے انکے لئے ووٹ مانگوں۔ عامرلیاقت نے کہا کہ گورنر سندھ نے گزشتہ روز اجلاس کی صدارت کی، مجھے نہیں بلایا، ایم کیوایم پی ٹی آئی مذاکرات کاحصہ بننا چاہتا تھا، مجھے کسی مذاکرات کاحصہ نہیں بنایا گیا، مجھے مسلسل نظر انداز کیا جارہاہے جس سے دکھی ہوں۔ وزارت کی کبھی خواہش تھی اورنہ ہی ہے، میں نے یہ نہیں کہا این اے 245 کی نشست اپنے بل بوتے پر جیتی، مجھے وزارت دی بھی گئی تونہیں لوں گا،پی ٹی آئی کی کراچی میں کوئی تنظیم سازی نہیں، بلدیاتی الیکشن جیتنے کے لئے یوسی سطح پرکام کرنا ہوگا، کراچی، فیصل آباد پی ٹی آئی کے لئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئے۔ عامر لیاقت نے کہا کہ پی ٹی آئی میں طوفان اٹھ رہا ہے،کسی کو اندازہ نہیں، پی ٹی آئی کے 14 ایم این ایزحکومتی بینچوں پرنہیں بیٹھیں گے، پارٹی میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے، کراچی ہی نہیں، خیبر پی کے ایم این ایزبھی شامل ہیں، کراچی کے بہت سارے ایم این ایزکو پوچھا ہی نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر پرواز کی حقیقت کو گوگل پر پڑھا جا سکتا ہے، ممکن ہے یہ ہیلی کاپٹر سی این جی سے چلتا ہو، پروٹوکول نہ لینے کی ساری بات جھوٹ ثابت ہو رہی ہے، 18 گاڑیاں، چائے کی پیالیاں بچانے سے سادگی نہیں لا سکتے، کہا گیا تھا کہ گورنرہاؤس میں اجلاس نہیں ہونگے، گورنرہاؤس اب بھی فعال ہیں، وہاں اجلاس ہورہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصل واوڈا اپنی عقل وہوش ٹھکانے میں رکھیں، فیصل واوڈا جلد میری باتوں کو سنجیدہ لیں گے، 4 ستمبر سے پہلے اپنے فیصلے سے آگاہ کردوں گا، طاقت، دولت، اقتدار انسان کو بدلتا نہیں، بے نقاب کر دیتا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے اپنے ہی ایم این اے عامر لیاقت حسین کو جذباتی قرار دیدیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ عامر لیاقت کی باتوں کو سیریس نہیں لیتے، ان کی نیند پوری نہ ہو یا کھانا نہ کھایا ہو تو ایسی باتیں کرتے ہیں۔ تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بنے کی بھی تردید کر دی اور کہا کہ پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، عامر لیاقت نے فارورڈ بلاک کی بات مذاق میں کہی ہو گی۔ کراچی کو نظرانداز کرنے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں۔
پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے، عمران نے کہا کراچی ہمارے لئے اہم نہیں: عامر لیاقت
Aug 29, 2018