اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے سینیٹرز کی دوہری شہریت کے بارے میں معاملہ لارجر بنچ کو بھجواتے ہوئے سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، وکیل کامران مرتضی نے کہا کہ ان کے موکل کودا بابر کی شہریت اومان کی لکھی ہوئی ہے اس میںان کا قصور نہیں کیونکہ گوادر پہلے اومان کا حصہ تھا وہاں کا رہائشی ہونے کے ناطے سینیٹر کودا بابر کی شہرت اومان لکھی ہوئی ہے، اومان کی شہریت کی بنیاد پر عدالت نے انکی سینٹ کی رکنیت معطل کر دی تھی،کودا بابر نے سینٹ الیکشن سے پہلے دوہری شہریت چھوڑ دی تھی،کاغذات نامزدگی میں بھی دوہری شہریت منسوخی سے آگاہ کیا تھا وکیل حامد خان نے کہا کہ سینیٹر گودا بابر کی دوہری شہریت کیس میں کہا گیا ہے کہ گوادر کشمیر کی طرح کا ہے لیکن گوادر تو پاکستان ہے اس کا کشمیر جیسا کوئی سٹیٹس نہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگو ں کو آئینی حقوق ملنے چاہئیں، گلگت بلتستان کے حقوق سے متعلق معاملات کا جائزہ لیں گے، کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ محب وطن پاکستانی ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں کی پاکستان سے محبت دیکھ کر حیران رہ گیا، ہم نے تو سینیٹر کودا بابر سے متعلق کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا اس معاملے کو دوہری شہریت سے متعلق بنائے گئے سات رکنی بنچ کو بھیج دیتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے جلم سے مسلم لیگ ن کے امیدوار بلال کیانی کی انتخابی عذرداری کی درخواست غیر موثر ہونے کی بنیاد پر خارج کردی۔