لاہور(صباح نیوز)پاکستان کے ساتھ پانی کے معاملے پر مذاکرات کیلئے 9 رکنی بھارتی وفد واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گیا۔ پاکستان کمشنر فار انڈس واٹر مہرعلی شاہ نے بھارتی وفد کا استقبال کیا۔بھارت سے آنے والے نورکنی وفد کی قیادت بھارتی انڈس واٹر کے کمشنر پردیپ کمار سکسینا کررہے ہیں۔ پاکستان بھارتی وفد کے ساتھ لوئر کلنائی اور پاکل دل منصوبوں کے حوالے سے باضابطہ بات کرے گاجبکہ بھارتی وفد کے ساتھ مرحلہ وار دو سیشن میں مذاکرات ہونگے، پاکستانی وفد پہلے مرحلے میں بدھ کی صبح 10 بجے بھارتی وفدکے ساتھ مذاکرات کرے گا جبکہ دوسرا مرحلہ جمعرات کی شام پانچ بجے شروع کیا جائیگا۔پاکستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ بھارتی وفد کے ساتھ پاکستانی ماہرین کے دورہ کشمیر کے حوالے سے بھی بات کرے گا۔بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر پاکل دل منصوبہ کے تحت 15 سو میگا واٹ جبکہ لوئر کلنائی منصوبہ کے تحت 45 میگاواٹ بجلی کے پیدواری منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کے ڈیزائن پر پاکستان کو اعتراضات ہیں۔