لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے ملک گیر تبدیلی لانے کے نعرے بڑے بڑے دعوے ہوا ہو گئے اور پی ٹی آئی اپنی حکومت کے آغاز میں ہی بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہے، ڈی پی او پاکپتن کا تبادلہ حکمرانوں کا منہ چڑا رہا ہے اور عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کون سے میرٹ کی بنیاد پر ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا وزارتوں کی بندر بانٹ کے بعد اسی طرح کی کمزور اور نااہل حکومت وجود میں آئے گی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام یوٹرن خان کے کھوکھلے نعرورں کی حقیقت جان چکے ہیں، مصنوعی مینیٹ اور ووٹ چوری کرنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی اور ضمنی الیکشن میں شیر بھرپور کامیابی حاصل کرے گا۔ نہوں نے کہا میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی 5 برسوں کی کارکردگی کا مقابلہ پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی اور عوام شیر کے دور حکومت کو فراموش نہیں کر سکیں گے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا موجودہ حکمران اپنے اناڑی پن کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگہ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔ امریکہ اور دیگر ملکوں سے تعلقات کو غیرسنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور خطرہ ہے پاکستان اقوام عالم میں تنہائی کا شکار ہو جائے گا۔ اسی طرح شو آف کیلئے چند اقدامات اٹھانے والے عمران خان روزانہ ہیلی کاپٹر کے جھولے جھول رہے ہیں اور ان کے ’’نامزد پسماندہ علاقے‘‘ کے وزیراعلیٰ بھی سرکاری خرچے پر مزے لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن پی ٹی آئی کو فری ہینڈ نہیں دے گی اور پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
تبدیلی کے دعوے ہوا ہوگئے، ڈی پی او پاکپتن کا تبادلہ منہ چڑا رہا ہے: حمزہ شہباز
Aug 29, 2018