اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے ہمیں پیار ہے پاکستان سے کے نام سے یوم دفاع و شہدا منفرد انداز میں منایا جائے گا، کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی اور وطن کی حفاظت کے لئے جانیں دینے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے 6 ستمبر کو یوم دفاع و شہدا پر آئی ایس پی آر میں پلاننگ کانفرنس کرتے ہوئے کہا یوم دفاع و شہدا منفرد انداز میں ہمیں پیار ہے پاکستان سے کے نام سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہو گی جو براہ راست نشر کی جائے گی، جس کے لئے سول سوسائٹی، میڈیا اور افواج پاکستان کے نمائندوں کو آگاہ کیا گیا ہے، وزارت اطلاعات، آئی ایس پی آر مہم کا فوکل پوائنٹ ہوں گے، شرکا کو شہیدوں کی فہرست اور پتے مہیا کئے گئے ہیں، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا شرکا کو شہیدوں کی فہرست اور پتے مہیا کئے گئے ہیں، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے، کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی، شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھی جائے گی، وطن کی حفاظت کے لئے جانیں دینے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا اور شہیدوں کے لواحقین کو سلام پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا شاپنگ مال شہدا کی تصاویر سے سجائے جائیں گے، بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور گاڑیوں پر شہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں، سٹیشنوں اور تمام ائیر پورٹس پر بھی شہدا کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا یوم دفاع پرافواج پاکستان ہتھیاروں کی نمائش کریں گی، شہدا کے لواحقین اور غازیوں کے لئے ہر چھائونی میں تقریب ہوگی، تعلیمی اداروں میں شہدا کی یاد اور وطن سے محبت کی تقریبات ہوں گی جبکہ تمام ادارے شہدا کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد کریں گے ، جس کے لئے چیمبر آف کامرس،انجمن تاجران اورسول سوسائٹی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے قوم سے بھرپور شمولیت کی درخواست کرتے ہوئے کہا آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداکو یاد رکھیں ، ہمارے شہدا نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لئے قربان کیا ، شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں ، شہیدوں کو سلام ، ہمیں پیار ہے پاکستان سے۔