ساہیوال/ پاکپتن/ وزیر آباد (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) ساہیوال کے نواحی چک -96ڈی کے طالب علم 16 سالہ عمران نے محبت میں ناکامی پر زہر پی لیا اور بے ہوش ہوگیا جسے سول ہسپتال لایا گیا۔ چک 621 گ ب کے مہمان آئے ہوئے 18 سالہ شان نے محبت میں ناکامی پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں او ربے ہوشی کی حالت میں ضلعی ہسپتال لایا گیا جہاں دونوں دم توڑ گئے۔ وزیرآباد میں گزشتہ رات موضع بڈھار جادا کے 20 سالہ علی رضا نے گھر والوں کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر کمرہ کو اندر سے بند کرکے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ علی پور چٹھہ کے 21 سالہ ارسلان نے محبت میں ناکامی پر زہریلی گولیاں نگل لیں جبکہ محلہ شیخاں علی حسن نے گھریلو جھگڑے پر پھندا لے لیا۔ متوفی کی تین ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ پاکپتن کے نواحی گائوں 95/D کے غلام حسین بھٹہ کی بیوی انور بی بی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر میں زہر کھاکر خودکشی کرلی۔ خاتون کے خودکشی کرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔