اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کوچ طارق لطفی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ پْرتگال کے شہر لزبن میں کھیلا جانے والے سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی شرکت کا خواب ایک حقیقت کاروپ دھارنے جارہا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سوکا ورلڈ کپ میں شریک پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ طارق لطفی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے کئی بار کوچ رہے ہیں اب انہیں مختصر فارمیٹ کی فٹ بال میں بھی ہیڈ کوچ بننے کا اعزاز ملنے جارہا ہے ۔ لیثر لیگس نے انہیں سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ سکس اے سائیڈ منی ورلڈ کپ 23 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں دنیا کی 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ایونٹ کے گروپ ’بی‘ میں سپین، روس اور مالڈوا کے خلاف پاکستان ٹیم میدان میں اترے گی۔طارق لطفی کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان کے 12 شہروں میں سمال سائیڈڈ فٹبال کو متعارف کرانے کا سہرا لیثرلیگس کے سر جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ٹریننگ کیمپ میں سخت تربیت حاصل کررہی ہے ٗذہنی اور جسمانی طور پر بہت فٹ ہے لیکن نوجوان کھلاڑیوں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کرلینا مناسب نہ ہوگا۔طارق لطفی کے مطابق تمام کھلاڑی پہلی بار دنیا کی عظیم ٹیموں کے ساتھ مدمقابل ہوں گے، ان کی کارکردگی مسلسل انٹرنیشنل میچوں میں حصہ لینے سے بتدریج بہتر ہوگی۔