سرکاری محکمے 5 سالہ جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کریں: وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی ہدایت

Aug 29, 2018

پشاور(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے صوبے میں شامل نئے اضلاع تک قانون کی حکمرانی کی منظم منتقلی، وہاں گورننس سسٹم وضع کرنے اور عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کو سرکاری محکموں کے ساتھ تعاون اور رابط قائم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے صوبے میں انضمام کے مراحل کی جلد تکمیل ترجیحات میں شامل ہے، انضمام کے ثمرات قبائلی عوام تک پہنچا نے اور نئے اضلاع کی ترقی کیلئے پی ٹی آئی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تیز رفتار اقدامات کرنا ہوں گے۔اُنہوںنے صوبے میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کے ایجنڈے کے نفاذ کیلئے سرکاری محکموں کو پانچ سالہ جامع ترقیاتی پلان تیار کرنے جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعلان کردہ 100 روزہ ایجنڈے کے مطابق اپنے پلان وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار،سٹریٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صاحبزادہ سعید نے وزیر اعلیٰ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائم سٹریٹجک سپورٹ یونٹ کے بطور ڈیلیوری یونٹ کردار، قیام کے مقاصد، اختیارات، ترجیحات، طریق کار، حکومت کے پانچ سالہ ایجنڈے کیلئے گائیڈ لائنز پر بریفینگ دی۔ وزیراعلیٰ کو صوبے میں نئے سات اضلاع کے انضمام کے بعد کی صورتحال، مسائل اور 25 ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں حکومت کو درپیش چیلنجز اور نئے اضلاع کی ترقی کیلئے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

مزیدخبریں