مکۃ المکرمہ (اے پی پی) سعودی عرب کی حکومت نے ایام حج کے بعد مکۃ المکرمہ میں مسجد الحرام میں صفائی ستھرائی کا کام تیز کردیا ہے۔ سعودی سروسز افواج کے ڈائریکٹر جنرل محمد الجبری نے کہا ہے کہ حج کی کامیاب تکمیل کے بعد حرم شریف کے اندرونی اور بیرونی صحن کی صفائی کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج کی کامیاب تکمیل کے بعد حرم کی اندورنی اور بیرونی صحن کی صفائی کیلئے تین شفٹوں میں 4 ہزار سے زیادہ ملازم اور ان کی نگرانی کیلئے 275 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ الجبری نے کہا ہے کہ فرشی صفائی کیلئے ایک ہزار مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرم شریف کے بیرونی صحن کی صفائی کے دوران 2 ہزار 247 ٹن استعمال شدہ سامان ٹھکانے لگایا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں موسم برسات اور بارش کے دوران حجاج کرام اور زائرین کو بیرونی صحن کے فرش سے پھسلنے سے محفوظ رکھنے کیلئے دو رویہ بلاسٹک کے قالین بچھائے گئے ہیں جن پر سے پانی چوسنے کے لئے خصوصی 70 ویکیوم کلینرز استعمال کئے جارہے ہیں۔