آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں تھی نہ ہوگی: امریکہ

واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیونے کہاہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کا سلسلہ جاری ہے اور ایران کا اس پر کنٹرول نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنی ایک ٹوئیٹ میں پومپیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے۔ امریکا خطّے میں اپنے حلیفوں کے ساتھ کام کرتا رہے گا تا کہ بین الاقوامی آبی گزر گاہوں میں بین الاقوامی جہاز رانی اور تجارت کے آزادانہ بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کی بندش کی دھمکی دیتے ہوئے باور کرایا تھا کہ خلیجِ عربی میں اس آبی گزر گاہ پر اْس کا کنٹرول ہے۔ پاسداران کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پانی میں امریکی فورسز کی موجودگی کو روک دے گا۔پاسداران انقلاب میں بحریہ کے کمانڈر جنرل علی رضا تنکسیری کا کہنا تھا کہ ایران عسکری اور تجارتی دونوں طرح کے جہازوں کی کڑی نگرانی کر رہا ہے اور خلیج کے راستے سمندری ترسیل روکنے کے لیے آبنائے ہرمز کی بندش خارج از امکان نہیں۔
تہران (اے پی پی) ایران کی ایلیٹ فورس پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل علی رضا کا کہنا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہْرمز پر ان کی بحری فوج کو مکمل غلبہ حاصل ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکی بحریہ کا اس علاقے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ وہ خلیج فارس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی حکومت کا اسی سمندری علاقے میں اپنا بحری بیڑہ موجود ہے تاکہ مال بردار بحری جہازوں کی نقل و حمل میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو۔

ای پیپر دی نیشن